ممبئی،12 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ راجندر گاوتی کے خلاف آئی پی سی سیکشن 354 اے اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ گاوتی پر خاتون کوجنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ نیا نگر پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کے مطابق یہ خاتون 2004 سے ان کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتی تھی اور اس کے بعد سے راجندر گاوتی اس پر لالچ اور دباؤ ڈالتا تھا، لیکن اس نے انکار کردیا۔ نومبر 2020 میں راجیندر گاوتی کسی بات پر ناراض ہوئے اور سب کے سامنے بدتمیزی کی۔
ذرائع کے مطابق شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔ خاتون کے الزامات پر گاوتی نے کہا کہ شکایت میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ اس کی شبیہہ کو داغدار کرنے کی کوشش ہے۔
رکن اسمبلی نے الزام لگایا کہ خاتون نے ایجنسی سے رقم غبن کی ہے، جس کے بعد اسے ملازمت سے برطرف کردیا گیا، جس کی وجہ سے وہ اب بدلہ لینا چاہتی ہے۔افسر نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش کی جارہی ہے۔ خاتون جو میرا روڈ پر گیس ایجنسی میں کام کرتی ہیں انہوں نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ ایجنسی کے مالک گاوتی نے اس کے ساتھ بد سلوکی کی کوشش کی۔